نئی دہلی : ریزرو بینک آف انڈیا (آر بی آئی) کے گورنر رگھو رام راجن کو ہٹانے کیلئے بی جے پی کے نئے راجیہ سبھا ممبر سبرامنیم سوامی نے وزیر اعظم مودی کو خط لکھا ہے۔سوامی نے مودی کو لکھے اپنے خط میں راجن پر الزام لگایا ہے کہ وہ ملک کی معیشت کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔ میں حیران ہوں کہ جان بوجھ کر ڈاکٹر راجن ہندوستانی معیشت کو کمزور کرنے میں لگے ہیں۔
بی جے پی ممبر پارلیمنٹ نے کہا کہ راجن ہندوستانی معیشت کو توڑنے کا کام کر رہے ہیں ، جبکہ ان کا کام ہے کہ وہ ہندوستان معیشت میں اصلاح کریں۔ انہوں نے کہا کہ راجن گرین کارڈ ہولڈر ہیں اور وہ ذہنی طور پر پوری طرح ہندوستانی نہیں ہیں۔
خیال رہے کہ اس سے قبل
سوامی نے رگھو رام راجن کو ملک کے لئے نقصاندہ قرار دیتے ہوئے انہیں شکاگو بھیجنے کا مطالبہ کیا تھا ۔ انہوں نے مشورہ دیا تھا کہ ریزرو بینک گورنر رگھو رام راجن کو ہٹا دیا جانا چاہئے ، کیونکہ وہ ملک میں بے روزگاری اور صنعتی سرگرمیوں میں کمی کے لئے ذمہ دار ہیں ۔
سوامی نے کہا کہ میرے خیال سے آر بی آئی گورنر اس ملک کے لئے مناسب نہیں ہیں ۔ میں ان کے بارے میں زیادہ نہیں بولنا چاہتا۔ انہوں نے افراط زر کو قابو میں کرنے کی آڑ میں شرح سود میں اضافہ کردیا ، جس کی وجہ سے ملک کو نقصان ہوا ۔ گورنر کے اقدامات سے صنعتی سرگرمیاں کم ہوئی ہیں اور ملک میں بے روزگاری بڑھی ہے ۔ جتنی جلد ان شکاگو واپس بھیجا جائے اتنا اچھا ہو گا۔